آسٹریلیا کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ انہیں ہم جنس پرستوں کے مخالف ایک امام کو افطار ڈنر پر بلانے پر افسوس ہے۔
وزیراعظم میلکم ٹرن بل نے کہا کہ انہیں اپنی سرکاری رہائش گاہ کریبلی ہاؤس میں ہونے والے افطار ڈنر کے دوران شیخ شادی السلیمان کے ہم جنس پرستوں کے بارے میں متنازع بیانات کے بارے میں جمعرات کو بتایا گیا۔
آسٹریلیا کی نیشنل امام کونسل کے صدر شیخ شادی نے 2013 میں یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی ایک وڈیو میں کہا تھا کہ ہم جنس پرستی
’’ہمارے معاشرے میں برے نتائج‘‘ پیدا کرتی ہے۔
ٹرن بل نے کہا کہ ’’اگر مجھے پتا ہوتا کہ انہوں نے ایسا بیان دیا ہے تو انہیں افطار پر مدعو نہیں کیا جاتا۔‘‘
ایک آسٹریلوی اخبار نے ان بیانات کے بارے میں وزیراعظم کے دفتر رابطہ سے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے یہ بیان دیا۔
امریکہ میں ایک مسلمان حملہ آور نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے ایک نائٹ کلب پر حملہ کیا تھا جس سے 49 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔